راولپنڈی : سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران 'فتنہ الخوارج' اور بھارتی اسپانسرڈ نیٹ ورک کے 15 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق ہرنائی کے دشوار گزار علاقے میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 12 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں ریاست مخالف سرگرمیوں میں مصروف تھے۔
دوسری جانب ضلع واشک کے علاقے بسمیہ میں ایک 'انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن' (IBO) کے دوران 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد جہنم واصل کر دیے گئے۔ ہلاک ہونے والے خوارج دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔