کراچی: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے گزشتہ مالی سال کا اختتام مالیاتی اور تجارتی سرپلس کے ساتھ کیا، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ کی صورتحال بھی مستحکم رہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مزید 28 ریاستی اداروں کی نجکاری کے عمل کو تیز کر رہی ہے اور برآمدات پر مبنی معیشت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پاکستان کو 41 سے 42 ارب ڈالر کی ترسیلاتِ زر موصول ہوئیں، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینکاری کا شعبہ اقتصادی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی کے لیے سپر ٹیکس کا خاتمہ ضروری تھا۔
وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان جیسے بڑے آبادی والے ملک میں ٹیکس کا دائرہ وسیع کرنا ناگزیر ہے اور ہر صاحبِ استطاعت شہری کو قومی ترقی کے لیے اپنا مناسب ٹیکس ادا کرنا چاہیے۔