Wed, September 16, 2026

وفاقی کابینہ کی نئی چار سالہ حج پالیسی 2027.2030 منظور، طویل المدتی منصوبہ بندی سے حجاج کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی

وفاقی کابینہ کی نئی چار سالہ حج پالیسی 2027.2030 منظور، طویل المدتی منصوبہ بندی سے حجاج کو بہتر سہولیات فراہم ہوں گی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2027.2030 کی منظوری دے دی۔ نئی پالیسی پہلی مرتبہ چار سالہ مدت پر مشتمل ہے، جس کا مقصد حج انتظامات میں تسلسل، مؤثر منصوبہ بندی اور عازمین کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

اجلاس کے دوران کابینہ کو بریفنگ دی گئی کہ نئی حج پالیسی کے تحت شہری اپنی ضرورت کے مطابق کسی بھی وقت حج رجسٹریشن کرا سکیں گے، جس سے آئندہ برسوں کے حج انتظامات کو زیادہ منظم اور مؤثر بنایا جا سکے گا۔

وفاقی کابینہ نے رواں سال حج کے کامیاب انتظامات پر وزیرِ مذہبی امور اور وزارت کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔

اجلاس میں شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آئی ایچ آئی ٹی سی  اور پی بی سی  کی خدمات کی آؤٹ سورسنگ سے متعلق پالیسی کی بھی منظوری دی گئی۔

وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے اجلاس کو پاکستان ریلوے کی کارکردگی سے آگاہ کیا، جس پر وفاقی کابینہ نے وزارتِ ریلوے کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

اجلاس کے اختتام پر شہدا کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

ٹیگز: