لاہور: معروف کامیڈین اور اسٹیج فنکار اللہ رکھا پیپسی کے اچانک انتقال پر ان کے اہلِ خانہ سوگوار ہیں۔ ان کے بیٹے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے والد کی وفات، ان کی جدوجہد اور زندگی سے وابستہ خواہشات کے بارے میں بات کی۔
اللہ رکھا پیپسی کا شمار پاکستان کے معروف اسٹیج کامیڈینز میں ہوتا تھا۔ انہوں نے کئی دہائیوں تک شوبز انڈسٹری میں کام کیا اور اپنی منفرد مزاحیہ صلاحیتوں کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہیں مشہور کامیڈین ببو برال نے "پیپسی" کا نام دیا تھا، جس کے بعد وہ اسی نام سے پہچانے جانے لگے۔
ذرائع کے مطابق اللہ رکھا پیپسی ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران دل کا دورہ پڑنے کے باعث انتقال کر گئے۔ انہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا، تاہم وہ راستے میں ہی جانبر نہ ہو سکے۔
ان کے بیٹے نے بتایا کہ والد نے اہلیہ کے انتقال کے بعد اکیلے ہی بچوں کی پرورش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ رکھا پیپسی کی خواہش تھی کہ وہ اپنی بیٹیوں کے لیے ایک چھوٹا سا گھر تعمیر کریں اور اپنے بیٹے کے لیے ایک مستقل روزگار کا بندوبست کریں۔
اللہ رکھا پیپسی کے انتقال کی خبر پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔