راولپنڈی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بلوچستان میں شہید ہونے والے میجر زیاد سلیم کے گھر گئے اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہید کی والدہ، بہن، بھائیوں اور دیگر قریبی رشتہ داروں سے دلی تعزیت کی اور گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے شہید کے بلند درجات اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کی والدہ، بہن اور بھائیوں کے حوصلے اور قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی باہمت مائیں قوم کی اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور ان کے خاندانوں کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔
دورے کے دوران شہید کے بھائی نے میجر زیاد سلیم کا آخری آڈیو پیغام بھی محسن نقوی کو سنایا، جس سے فضا مزید جذباتی ہو گئی۔
شہید کی والدہ نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کی کچھ عرصہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، مگر وطن کی محبت ان کے دل میں اتنی گہری تھی کہ زخمی ہونے کے باوجود بھی اپنے ساتھیوں کو بچانے کی کوشش کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ شوہر کے بعد اب بیٹا بھی وطن پر قربان ہو گیا، مگر وہ ہمیشہ ملک اور فوج کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔
یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ میجر زیاد سلیم کے والد، بریگیڈیئر سلیم، 2005 میں وطن کے لیے شہید ہو چکے ہیں، یوں یہ خاندان ملک کے لیے دو نسلوں کی قربانی پیش کر چکا ہے۔