Wed, September 16, 2026

لالک جان شہید نشانِ حیدر کو قوم کا خراجِ عقیدت — صدر، وزیراعظم اور وزراء کا پیغام

لالک جان شہید نشانِ حیدر کو قوم کا خراجِ عقیدت — صدر، وزیراعظم اور وزراء کا پیغام

اسلام آباد : کارگل جنگ کے ہیرو حوالدار لالک جان شہید نشانِ حیدر کے یومِ شہادت پر پوری قوم نے ان کی قربانی کو سلام پیش کیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزراء نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی جرأت، وفاداری اور حب الوطنی کو سراہا۔

صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ لالک جان شہید نے انتہائی مشکل حالات میں بھی وطن کا دفاع کیا۔ وہ زخمی ہونے کے باوجود مورچے پر ڈٹے رہے اور اپنی جان دے کر دشمن کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید کی قربانی ہمارے لیے فخر کا باعث ہے اور ان کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ لالک جان نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا۔ ان کی بہادری اور فرض شناسی آج کی نسل کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قوم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھولے گی اور ان کے اہلِ خانہ ہمارے لیے قابلِ فخر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لالک جان شہید کو گلگت بلتستان کا قابلِ فخر سپوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید کی جرأت اور قربانی نے پاکستان کی سرحدوں کا ایسا دفاعی باب رقم کیا ہے جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لالک جان شہید نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر جو قربانی دی، وہ ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہ سپاہی نایاب ہوتے ہیں جن کی وفا، بہادری اور قربانی سے تاریخ میں روشنی پھوٹتی ہے، اور لالک جان انہی عظیم سپوتوں میں سے ایک ہیں۔

ٹیگز: