گوا: بھارت کے سیاحتی مقام گوا کے نواحی علاقے ارپورہ میں واقع ایک مشہور نائٹ کلب میں آگ لگنے سے 23 افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، یہ حادثہ رات تقریباً 12 بجے اس وقت پیش آیا جب کلب کے کچن ایریا میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے بعد آگ پھیل گئی۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت میں آگ لگ گئی۔
ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر نائٹ کلب کے ملازمین شامل ہیں۔ آگ کی شدت اتنی تھی کہ ریسکیو ٹیموں کو گھنٹوں کی جدوجہد کے باوجود لاشوں کو نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گوا کے وزیرِ اعلیٰ پرامود ساونت نے اس سانحے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور واقعے کے ذمہ داروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
ارپورہ شمالی گوا کا وہ مشہور سیاحتی علاقہ ہے جہاں کے ساحل، نائٹ لائف اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد کے لیے جانا جاتا ہے۔ دسمبر کا مہینہ گوا کا پیک سیزن ہوتا ہے، جب سیاح بڑی تعداد میں یہاں آتے ہیں۔ یہ سانحہ نہ صرف گوا کی سیاحتی صنعت کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے بلکہ سیاحوں اور مقامی افراد کے لیے بھی افسوس کا باعث بن گیا ہے۔