Wed, September 16, 2026

سوئٹزرلینڈ میں نئے سال کی تقریب کے دوران بار میں آگ لگنے سے 47 افراد ہلاک، وزیراعظم پاکستان کا اظہار افسوس

سوئٹزرلینڈ میں نئے سال کی تقریب کے دوران بار میں آگ لگنے سے 47 افراد ہلاک، وزیراعظم پاکستان کا اظہار افسوس

جنیوا :سوئٹزرلینڈ کے مشہور اسکی ریزورٹ کرانس مونٹانا میں نئے سال کی تقریب کے دوران ایک نائٹ کلب میں دھماکے کے بعد آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد ہلاک ہو گئے اور 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نائٹ کلب میں سالِ نو کی جشن کی تقریبات جاری تھیں۔ ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا تھا کہ عملہ جلتی ہوئی شیمپین بوتلیں اٹھا کر باہر لے جا رہا تھا اور وہ بوتلیں چھت سے ٹکرا رہی تھیں۔ کچھ دیر بعد اچانک آگ بھڑک اُٹھی اور بہت جلد پورا تہہ خانہ آگ کی لپیٹ میں آ گیا، جس سے لوگوں میں بھگڈر مچ گئی۔

حکام کے مطابق، اس آتشزدگی میں 115 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ ابھی تک کسی دہشت گردی یا مجرمانہ کارروائی کا کوئی شواہد نہیں ملے ہیں اور یہ واقعہ ایک حادثہ لگتا ہے۔

اطالوی حکام نے بتایا کہ 16 اطالوی شہری تاحال لاپتا ہیں، اور 15 زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ فرانس کے حکام کے مطابق، کم از کم 8 فرانسیسی شہریوں کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا۔ فرانس کے فٹبال کلب ایف سی میتز نے تصدیق کی کہ ان کا 19 سالہ کھلاڑی، تاہیریس ڈوس سانتوس، اس واقعے میں شدید زخمی ہو گیا ہے اور اسے جرمنی کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دھماکے اور آگ لگنے کے بعد، حکام نے بتایا کہ کئی لاشیں اتنی شدید جل گئی ہیں کہ ان کی شناخت میں وقت لگ رہا ہے۔ ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے اور دانتوں کے ریکارڈ کی مدد لی جا رہی ہے۔ شدید زخمیوں کو سوئٹزرلینڈ کے ہسپتالوں میں جگہ کی کمی کے باعث ہمسایہ ممالک کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

اس آتشزدگی کے بعد علاقے میں سوگ کا ماحول ہے، اور متاثرہ نائٹ کلب کے قریب سینکڑوں افراد جمع ہو گئے ہیں، پھول رکھ کر اپنے لاپتا رشتہ داروں کے بارے میں خبریں حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سوئٹزرلینڈ کے صدر گائے پارمَلین نے اس واقعے کو ملک کے بدترین سانحات میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ زیادہ تر متاثرین وہ نوجوان تھے جو نئے سال کا جشن منانے آئے تھے۔ برطانوی بادشاہ چارلس نے بھی اس واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور اسے ایک دل دہلا دینے والا حادثہ قرار دیا۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سوئٹزرلینڈ میں آتشزدگی کے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مشکل وقت میں سوئس حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ٹیگز: