اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مذہب، بھائی چارے اور خطے میں امن و سلامتی کے مشترکہ مقصد پر قائم ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ انہیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔
تشرفت اليوم بالتوقيع على اتفاقية مكة للدفاع المشترك إلى جانب أخوي العزيزين، صاحب السمو الملكي الأمير محمد بن سلمان بن عبدالعزيز آل سعود، ولي العهد ورئيس مجلس الوزراء في المملكة العربية السعودية، وفخامة الرئيس رجب طيب أردوغان، رئيس جمهورية تركيا.
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 7, 2026
ويجسد هذا الاتفاق التاريخي وحدة… https://t.co/QR9ZubeVpY
وزیراعظم نے اس معاہدے کو تینوں ممالک کے لیے ایک اہم تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ حرمین شریفین کی مقدس سرزمین پر طے پانے والا یہ معاہدہ آنے والے وقتوں میں امن و تحفظ کے لیے مضبوط حصار کا کردار ادا کرتا رہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ سمجھوتا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام کے لیے ترقی اور خوشحالی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے مفاد میں بھی اہم ثابت ہو۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور ان کی مسلسل محنت، بھرپور کاوشوں اور غیر متزلزل عزم کو سراہا، جنہوں نے اس اہم پیش رفت کو عملی شکل دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دفاعی معاہدہ تینوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دے گا اور خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا۔