اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کی معیشت اور عوام تک پہنچانے کے لیے حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد حاصل کرنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔
انہوں نے میری ٹائم سیکٹر کی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اس شعبے میں تبدیلیاں لانے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اوسطاً 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے، جو کہ صارفین کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی، جس سے پورے ملک کی معیشت کو فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں میکرو اکنامک استحکام حاصل ہو چکا ہے اور مزید اصلاحات کا عمل جاری ہے۔