ڈیرہ اسماعیل خان : سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے تکواڑہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، اس آپریشن کے دوران خوارج کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والوں میں ایک اہم دہشت گرد سرغنہ شیرین بھی شامل تھا، جو کئی دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھا۔ شیرین کی گرفتاری یا ہلاکت بہت اہمیت رکھتی تھی کیونکہ وہ کیپٹن حسنین اختر کی شہادت سمیت متعدد دہشت گردانہ حملوں میں ملوث تھا۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج نے اس کامیاب آپریشن کو دہشت گردوں کے خلاف ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس سے مجرموں کو ان کے جرائم کا حساب دینا ممکن ہوا۔ فوج نے مزید کہا کہ علاقے میں ابھی بھی سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں تاکہ کوئی بچا ہوا دہشت گرد گرفتار کیا جا سکے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔