راولپنڈی: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 3 سے 5 ستمبر کے دوران مختلف کارروائیوں میں بھارتی اسپانسرڈ 21 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں کارروائی کے دوران مزید 10 خوارج مارے گئے، جبکہ پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 25 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔
کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی سکیورٹی فورسز نے الگ الگ کارروائیاں کیں، جن میں 4 خوارج ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں۔ سکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ خوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
قومی قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔