Wed, September 16, 2026

خاران آپریشن،صدرِ مملکت سمیت اعلیٰ حکومتی قیادت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

خاران آپریشن،صدرِ مملکت سمیت اعلیٰ حکومتی قیادت کا سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز کے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی اہم کامیابی ہے۔ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہیں۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دینے والے جوان قوم کا فخر ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے 7 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں امن کے لیے فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم متحد اور یکسو ہے، آخری دہشتگرد کے خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی خاران آپریشن میں 7 دہشتگردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا اور فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا۔

ٹیگز: