لاہور :نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 50ویں سالانہ واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ مقابلے 30 ستمبر سے 5 اکتوبر تک واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں منعقد ہوئے، جن میں ملک کے مختلف واپڈا یونٹس کی سات ٹیموں نے حصہ لیا۔
ٹورنامنٹ میں این جی سی نے مجموعی طور پر 170 پوائنٹس حاصل کیے اور چیمپیئن بننے کا اعزاز پایا۔ گیپکو ٹیم نے 104 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور فیسکو نے 58 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
این جی سی کے کھلاڑی محمد علی لاروش اور ماحور شہزاد نے مردوں اور خواتین کے سنگلز مقابلے جیتے جبکہ محمد علی لاروش اور اویس زاہد نے مینز ڈبلز کا ٹائٹل حاصل کیا۔ عثمان طالب نے آفیسرز کیٹیگری میں سنگلز میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور منیب الدین کے ساتھ مل کر آفیسرز ڈبلز کا فائنل جیتا۔ مزید برآں، محمد عدنان نے مینز سنگلز فائنل میں دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ ماحور شہزاد اور فرزانہ علی کی جوڑی نے ویمنز ڈبلز میں رنر اپ رہیں۔
تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے کھلاڑیوں کو ان کی شاندار کارکردگی پر مبارکباد دی اور جیتنے والی ٹیموں کو ٹرافیاں اور شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔