Wed, September 16, 2026

ملائیشیا پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شاندار استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

ملائیشیا پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شاندار استقبال، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا

کوالالمپور: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے سرکاری دورۂ ملائیشیا کے دوران ان کے اعزاز میں ایک باقاعدہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں انہیں بھرپور عزت و احترام کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔

وزیراعظم جیسے ہی ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دفتر پہنچے تو میزبان وزیراعظم نے نہایت گرمجوشی سے ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مصافحہ کیا اور ایک دوسرے سے گلے ملے، جو دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کا عملی اظہار تھا۔

اس موقع پر ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا، اور تقریب کے دوران پاکستان اور ملائیشیا کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم نے تقریب میں شریک ملائیشین وزرا اور اعلیٰ حکام سے فرداً فرداً ملاقات اور مصافحہ بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ رات کوالالمپور پہنچے تھے، جہاں بنگا رایا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات فہمی فاضل، پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور دیگر سفارتی نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں ان کی رہائش گاہ آمد پر بھی وزیراعظم انور ابراہیم نے ان کا خیرمقدم کیا اور خوش آمدید کہا۔ شہباز شریف نے اس گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملائیشیا آ کر بے حد خوشی ہوئی ہے اور یہ دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ملائیشیا کے دورے پر ہے جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شامل ہیں۔

ٹیگز: