کیلیفورنیا: ایپل کے متوقع پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون کے حوالے سے نئی معلومات سامنے آگئی ہیں، جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کمپنی اس ڈیوائس کو “آئی فون الٹرا” کے نام سے پیش کرے گی۔
اس آنے والے فون سے متعلق مختلف لیکس اور افواہیں پہلے ہی گردش میں تھیں، تاہم اب اس کے ڈمی ماڈلز بھی منظرعام پر آگئے ہیں جن سے ڈیوائس کے ڈیزائن اور فیچرز کے بارے میں کئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک یوٹیوب ویڈیو میں فولڈ ایبل آئی فون کے ڈمی یونٹس دکھائے گئے، جن کے مطابق فون کے والیوم بٹن بالائی حصے میں رکھے جائیں گے جبکہ اسپیکرز فون کے مخالف کناروں پر نصب ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق فون کے پچھلے حصے میں دو کیمرے دیے جائیں گے اور ان کا انداز ایپل کے موجودہ آئی فونز سے مشابہ ہوگا۔
ڈمی یونٹس سے یہ بھی اندازہ ہوا ہے کہ بند ہونے پر فون مربع نما شکل اختیار کرے گا، جبکہ کھلنے کے بعد یہ ایک چھوٹے ٹیبلیٹ جیسا دکھائی دے گا۔ یہ ڈیوائس کتاب کی طرح فولڈ اور ان فولڈ ہوگی۔
ڈیزائن کے اعتبار سے اسے مارکیٹ میں دستیاب دیگر فولڈ ایبل فونز سے مختلف قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ فون نسبتاً چوڑا اور کم لمبا ہوگا، جبکہ اوپن ہونے پر آئی پیڈ جیسا تجربہ فراہم کرسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق فولڈ حالت میں اس فون کی لمبائی 117.71 ملی میٹر اور چوڑائی 84.27 ملی میٹر ہوگی۔ اس میں کھلنے پر 7.8 انچ بڑی ڈسپلے جبکہ بند ہونے پر 5.5 انچ کور اسکرین دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ڈیوائس میں اے 20 پرو چپ کے ساتھ 5500 ایم اے ایچ بیٹری شامل ہوگی۔
کیمرا سیٹ اپ کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ اس کا ڈیزائن آئی فون ایئر سے متاثر ہوگا، تاہم مکمل بلیک فنش کے ساتھ دو کیمرے، فلیش اور مائیکرو فون دیے جائیں گے، جس سے ڈیوائس مجموعی طور پر آئی پیڈ پرو جیسی محسوس ہوگی۔