Wed, September 16, 2026

ایسٹ انڈیا کمپنی سے برطانوی راج تک

ایسٹ انڈیا کمپنی سے برطانوی راج تک


سترہویں صدی کے آغاز میں جب یورپی طاقتیں نئی تجارتی منڈیوں اور بحری راستوں کی تلاش میں دنیا بھر میں اپنی موجودگی بڑھا رہی تھیں، اس وقت ہندوستان اپنی دولت، زرخیزی، دستکاری، مصالحہ جات، ریشمی اور سوتی کپڑوں، جواہرات اور مضبوط معیشت کے باعث دنیا کی توجہ کا مرکز تھا۔ مغل سلطنت اپنی شان و شوکت کے عروج پر تھی اور ہندوستان عالمی معیشت میں نمایاں مقام رکھتا تھا۔ ایسے حالات میں برطانیہ نے بھی تجارت کے ذریعے ہندوستان میں قدم جمانے کا فیصلہ کیا۔ ابتدا میں آنے والے انگریز تاجر تھے، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے تجارت کو سیاسی اقتدار میں تبدیل کر دیا۔ یہی تبدیلی برصغیر کی تاریخ کا سب سے اہم موڑ ثابت ہوئی۔ برطانوی ایسٹ انڈیا کمپنی کا قیام 31 دسمبر 1600ءکو ملکہ الزبتھ اول کے شاہی فرمان کے ذریعے عمل میں آیا۔ کمپنی کو مشرقی ممالک کے ساتھ تجارت کا خصوصی اختیار دیا گیا۔ اسکے بعد کمپنی نے ہندوستان تک رسائی کی کوششیں تیز کر دیں۔ 1608ءمیں کمپنی کا پہلا بحری بیڑہ سورت کی بندرگاہ پر پہنچا، جہاں اسنے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔ اسوقت ہندوستان پر جہانگیر کی حکومت تھی، جو 1605ءسے 1627ءتک تخت پر رہے۔ 1615ءمیں برطانوی سفیر سر تھامس رو نے جہانگیر کے دربار میں حاضر ہو کر تجارتی مراعات حاصل کیں۔ ان مراعات نے کمپنی کو ہندوستان میں مستقل تجارتی مراکز قائم کرنیکا موقع دیا جو بعد میں سیاسی اقتدار کی بنیاد بنے۔
اس زمانے میں مغل سلطنت طاقتور ضرور تھی لیکن اورنگزیب عالمگیر کی وفات 1707ءکے بعد اقتدار کمزور ہونا شروع ہو گیا۔ مختلف صوبوں کے نواب اور حکمران نیم خودمختار بنتے گئے۔ مرہٹے، سکھ، نظام حیدرآباد، بنگال اور اودھ جیسے طاقتور علاقائی مراکز ابھر آئے۔ اندرونی اختلافات، جانشینی کی لڑائیاں، مالی بدانتظامی اور باہمی رقابتوں نے ہندوستان کو ایک متحد سلطنت کے بجائے مختلف طاقتوں میں تقسیم کر دیا۔ ایسٹ انڈیا کمپنی نے اسی سیاسی انتشار کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا۔ کمپنی نے براہ راست جنگ سے پہلے ایک منظم حکمت عملی اختیار کی۔ اس نے ہندوستانی درباروں میں سفارتی نمائندے بھیجے، مقامی تاجروں سے تعلقات قائم کیے، فوجی چھاو¿نیاں بنائیں، جدید اسلحہ اور تربیت یافتہ افواج تیار کیں اور مقامی حکمرانوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دی۔ کمپنی نے یہ حقیقت جلد سمجھ لی تھی کہ اگر ہندوستانی ریاستیں متحد رہیں تو انہیں شکست دینا آسان نہیں ہوگا، لہٰذا "تقسیم کرو اور حکومت کرو" کی پالیسی اسکی کامیابی کا بنیادی ہتھیار بن گئی۔
1757ءکی جنگ پلاسی ہندوستان کی تاریخ کا فیصلہ کن واقعہ ثابت ہوئی۔ اسوقت بنگال کے نواب سراج الدولہ نے کمپنی کی بڑھتی ہوئی مداخلت کو روکنے کی کوشش کی، لیکن کمپنی نے نواب کے دربار میں موجود ناراض امیروں اور جرنیلوں سے خفیہ رابطے قائم کر لیے۔ ان میں سب سے اہم میر جعفر تھا جو نواب کی فوج کا سپہ سالار تھا۔ رابرٹ کلائیو نے میر جعفر کو اقتدار کا لالچ دیا اور وعدہ کیا کہ وہ جنگ کے دوران نواب کا ساتھ چھوڑ دے تو اسے بنگال کا نواب بنا دیا جائے گا۔ جنگ کے دن میر جعفر اور اسکے حامیوں نے عملی طور پر سراج الدولہ کی مدد سے گریز کیا جسکے نتیجے میں نواب کی فوج شکست کھا گئی۔ سراج الدولہ کو گرفتار کر کے قتل کر دیا گیا اور میر جعفر کو نواب بنا دیا گیا. یوں اصل اقتدار ایسٹ انڈیا کمپنی کے ہاتھ میں چلا گیا۔ میر جعفر کا تعلق بنگال سے جبکہ میر صادق کا تعلق میسور کی سلطنت سے تھا، نہ کہ بنگال سے۔ 1799ءمیں سرنگاپٹنم کی جنگ میں میر صادق نے ٹیپو سلطان کے خلاف غداری کی اور برطانوی افواج کو فائدہ پہنچایا۔
برطانوی حکمرانوں نے صرف فوجی طاقت پر انحصار نہیں کیا بلکہ سفارتکاری، معاشی دباو¿، قانونی اصلاحات، جاسوسی، مالی مراعات اور مقامی اشرافیہ کے تعاون کو بھی بھرپور انداز میں استعمال کیا۔ انہوں نے جدید فوج، توپ خانے، بحری طاقت، بہتر مواصلاتی نظام اور مالی وسائل کی بدولت ہندوستانی ریاستوں کو اپنے زیر اثر کر لیا۔ جہاں مزاحمت ہوئی وہاں جنگ لڑی گئی اور جہاں مفادات کا ٹکراو¿ تھا وہاں معاہدوں، رشوت، وعدوں یا سیاسی دباو¿ سے مقاصد حاصل کیے گئے۔ برطانوی اقتدار کے استحکام میں ہندوستانی حکمرانوں کی باہمی رقابتوں نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ مختلف ریاستیں متحد ہوتیں، مشترکہ دفاعی حکمت عملی اپناتیں اور ذاتی اقتدار کو قومی مفاد پر ترجیح نہ دیتیں تو ایسٹ انڈیا کمپنی کیلئے پورے برصغیر پر قبضہ کرنا کہیں زیادہ مشکل ہوتا۔ بیرونی طاقتیں اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھا کر ہی کامیاب ہوتی ہیں۔
1857ءکی جنگ آزادی نے اگرچہ برطانوی اقتدار کو ہلا کر رکھ دیا لیکن اسکے بعد برطانوی حکومت نے مزید سخت انتظامی کنٹرول، فوجی اصلاحات اور سیاسی نگرانی کے ذریعے اپنی حکمرانی کو مضبوط کیا۔ اسی دور میں آزادی کی قومی تحریک بھی منظم ہونا شروع ہوئی، جس نے بالآخر 1947ءمیں برصغیر کو آزادی تک پہنچایا۔
ایسٹ انڈیا کمپنی کی آمد اور برطانوی تسلط کی پوری داستان صرف ایک بیرونی طاقت کی فوجی برتری کی کہانی نہیں، بلکہ یہ اندرونی سیاسی انتشار، ذاتی مفادات، غداری، معاشی لالچ، سفارتی مہارت اور جدید تنظیمی صلاحیتوں کے امتزاج کی تاریخ بھی ہے۔ 

ٹیگز: