لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبروں کا پھیلاؤ ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جس کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سوشل میڈیا پر غلط معلومات پھیلانے کے ساتھ ساتھ گالم گلوچ کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے، جس کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک فرار بعض یوٹیوبرز ملک کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جبکہ صحافت ایک نہایت ذمہ دارانہ پیشہ ہے جس میں حقائق کی بنیاد پر عوام تک معلومات پہنچانا ضروری ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام جاری رکھے گی اور صحافتی برادری کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے طلبا کو سکالرشپس اور لیپ ٹاپس فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ بلوچستان کے طلبا کو بھی اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ پروگرام میں شامل کیا گیا ہے۔