Wed, September 16, 2026

عدنان صدیقی کی بانسری کی دھن پر طوطے کی ادائیں، ویڈیو وائرل

عدنان صدیقی کی بانسری کی دھن پر طوطے کی ادائیں، ویڈیو وائرل

کراچی: پاکستان کے معروف اداکار عدنان صدیقی نے اپنی موسیقی سے محبت اور پالتو طوطے کے ساتھ خوبصورت لمحے کی ویڈیو شیئر کر کے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔

اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی، جس میں وہ بانسری پر خوبصورت دھنیں بجاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے اس پرفارمنس میں معروف موسیقار اے آر رحمٰن اور شنکر جے کشن کی دھنوں کو یکجا کرتے ہوئے کلاسک گیت "خط" کی دھن پیش کی۔

تاہم ویڈیو میں سب سے زیادہ توجہ عدنان صدیقی کی بانسری سے زیادہ ان کے پالتو طوطے نے حاصل کی، جو دورانِ پرفارمنس مسلسل ان کے قریب موجود رہا اور اپنی دلچسپ حرکات سے ناظرین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔

عدنان صدیقی نے ویڈیو کے ساتھ مزاحیہ انداز میں اپنی کیفیت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ آرام کے لمحات میں اچانک بانسری بجانے کا دل کیا اور جیسے ہی انہوں نے دھن شروع کی، ان کا پالتو طوطا بھی کسی خاص کردار کی طرح آ کر ساتھ بیٹھ گیا۔ ان کے مطابق طوطے کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑا کہ دھن کتنی درست بجائی جا رہی ہے، وہ پوری پرفارمنس کے دوران اپنا کردار ادا کرتا رہا۔

اداکار نے مداحوں سے دلچسپ سوال بھی کیا کہ کیا اصل پرفارمنس بانسری کی تھی یا ان کے طوطے نے سب کی توجہ حاصل کر کے شو چوری کر لیا؟

ویڈیو سامنے آنے کے بعد مداحوں نے طوطے کی معصوم حرکتوں کو خوب سراہا۔ صارفین نے کمنٹس میں اسے عدنان صدیقی کا بہترین ساتھی قرار دیا، جبکہ کئی شوبز شخصیات نے بھی اس دلکش ویڈیو کو پسند کیا۔

ٹیگز: