ممبئی : بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکنِ پارلیمنٹ روی کشن حالیہ دنوں اپنی دلچسپ گفتگو اور منفرد انداز کی بدولت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھائے ہوئے ہیں۔ ان کی متعدد ویڈیوز اور مکالمے وائرل ہونے کے بعد صارفین انہیں ’میم کنگ‘ قرار دے رہے ہیں۔
گورکھپور، اتر پردیش سے منتخب رکنِ پارلیمنٹ روی کشن گزشتہ تین دہائیوں سے فلمی دنیا کا حصہ ہیں۔ وہ بھوجپوری، ہندی، تیلگو، کنڑ اور تامل زبانوں کی متعدد فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ اگرچہ ان کی شناخت ایک اداکار اور سیاستدان کے طور پر ہے، لیکن اب نوجوان نسل انہیں وائرل سوشل میڈیا کلپس کے ذریعے بھی بخوبی جانتی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی پرانی اور نئی ویڈیوز تیزی سے گردش کر رہی ہیں۔ صارفین ان کے تاثرات اور اندازِ گفتگو کو مختلف مزاحیہ کیپشنز، آڈیو کلپس اور تخلیقی ایڈیٹس کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، جس سے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
روی کشن کی ایک حالیہ ویڈیو نے انٹرنیٹ پر خاصی شہرت حاصل کی، جس میں وہ پارلیمنٹ کے مون سون اجلاس کے دوران صحافیوں سے روبرو ہوتے ہیں۔ سوالات کے جواب میں وہ مسکراتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہ ’مون ورت‘ پر ہیں، لیکن کچھ ہی دیر بعد میڈیا سے معمول کے مطابق گفتگو شروع کر دیتے ہیں۔
ان کے اس غیر متوقع انداز نے سوشل میڈیا صارفین کو خوب محظوظ کیا، جس کے بعد اس ویڈیو پر میمز، ری ایکشن کلپس اور مزاحیہ ایڈیٹس کی بھرمار دیکھنے میں آئی۔