Wed, September 16, 2026

سابق کرکٹر عاقب جاوید کی صاحبزادی عقبہ عاقب کی برطانیہ میں شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر مقبول

سابق کرکٹر عاقب جاوید کی صاحبزادی عقبہ عاقب کی برطانیہ میں شادی، تصاویر سوشل میڈیا پر مقبول

لاہور : پاکستان کے سابق ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹر اور قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کی صاحبزادی عقبہ عاقب نئی زندگی کا آغاز کرچکی ہیں۔ عقبہ عاقب کی شادی برطانیہ میں ایک غیر ملکی نوجوان کے ساتھ ہوئی، جس کی تصاویر ان کی والدہ اور معروف شاعرہ و مصنفہ فرزانہ عاقب نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری تصاویر میں عقبہ عاقب کو سفید رنگ کے خوبصورت عروسی لباس میں دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ان کے شوہر نے رسمی سوٹ پہن رکھا ہے۔ تصاویر میں دونوں کے بازوؤں پر موجود ٹیٹو بھی واضح ہیں، جو ان کے منفرد انداز کو نمایاں کرتے ہیں۔

فرزانہ عاقب نے تصاویر کے ساتھ بتایا کہ ان کی بیٹی کی شادی 9 اگست کو برطانیہ میں ہوئی۔ انہوں نے عقبہ عاقب اور ان کے شوہر سمیت دونوں خاندانوں کے لیے خوشیوں، کامیابی اور سکون سے بھرپور زندگی کی دعا کی۔

تعلیم کے میدان میں بھی عقبہ عاقب کا اچھا پس منظر ہے۔ انہوں نے تقریباً تین سے چار سال قبل برطانیہ کی یونیورسٹی آف سسیکس سے میڈیا اور انٹرنیشنل جرنلزم کی تعلیم مکمل کی تھی۔

عقبہ عاقب کی والدہ فرزانہ عاقب کا شمار پاکستان کے ادبی حلقوں کی نمایاں شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ بالخصوص انگریزی شاعری اور ادبی تحریروں کے حوالے سے جانی جاتی ہیں۔ ان کے فیس بک پیج کو تین لاکھ سے زائد افراد فالو کرتے ہیں۔ فرزانہ عاقب کے مطابق وہ 70 سے زیادہ انگریزی شعری کتابیں تحریر کرچکی ہیں اور مختلف بین الاقوامی ادبی ایوارڈز بھی حاصل کرچکی ہیں۔

فرزانہ عاقب نے اپنی ایک کتاب میں اسلامی تاریخ کو انگریزی شاعری کے منفرد اسلوب میں بھی پیش کیا ہے۔

ادھر عاقب جاوید پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کھیل چکے ہیں اور اس وقت قومی ٹیم کے تمام فارمیٹس کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینز نیشنل سلیکشن کمیٹی کا بھی حصہ ہیں۔

عقبہ عاقب کی شادی کی تصاویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں عاقب جاوید اور فرزانہ عاقب سمیت دونوں خاندانوں کے لیے نیک خواہشات اور مبارکبادوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: