لاہور : سری لنکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم دبئی کے راستے وطن واپس پہنچ گئی۔ قومی سکواڈ کے ارکان الگ الگ پروازوں کے ذریعے کراچی، لاہور اور اسلام آباد پہنچے۔
قومی ٹیم کے لیے یہ دورہ توقعات کے مطابق ثابت نہ ہو سکا، کیونکہ میزبان سری لنکا نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں سیریز 2-1 کے یکساں مارجن سے جیت لیں۔ ون ڈے مقابلے آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ تھے، جہاں سری لنکن ٹیم نے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے سیریز اپنے نام کی۔
ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد قومی کپتان فاطمہ ثنا انگلینڈ روانہ ہو گئیں، جہاں وہ دی ہنڈریڈ لیگ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر رہی ہیں۔ ان کی عدم موجودگی میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کی قیادت منیبہ علی صدیقی کے سپرد کی گئی۔
منیبہ علی کی قیادت میں قومی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم میزبان ٹیم نے ایک بار پھر بہتر کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیریز 2-1 سے اپنے نام کر لی۔ یوں پاکستان ویمن ٹیم دونوں سیریز میں شکست کے بعد وطن واپس لوٹ آئی۔