اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر میں ملازمین کی دیر سے آمد اور غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام وفاقی اداروں کو سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے اور اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق، وزیراعظم نے حکم دیا ہے کہ تمام افسران اور عملہ سرکاری اوقات کار کی مکمل پاسداری کریں، جبکہ وفاقی سیکرٹریز اور اداروں کے سربراہان خود وقت کی پابندی میں مثال بنیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دفاتر میں نظم و ضبط کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملکی معیشت کی ڈیجیٹائزیشن شفاف طرزِ حکمرانی کے لیے ناگزیر ہے، جس سے نہ صرف کارکردگی بڑھے گی بلکہ عوامی اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کی ہدایات پر عمل درآمد کے لیے سیکریٹری کابینہ کی جانب سے تمام وزارتوں، ڈویژنز اور خودمختار اداروں کو مراسلے بھی ارسال کیے جا چکے ہیں، جن میں وقت کی پابندی پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔