Wed, September 16, 2026

بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ، سیلاب زدہ پنجاب کے کاشتکاروں کے مسائل پر تبادلہ خیال

بلاول بھٹو زرداری کا وزیراعظم سے ٹیلی فون پر رابطہ، سیلاب زدہ پنجاب کے کاشتکاروں کے مسائل پر تبادلہ خیال

قصور: پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے قصور میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے فون پر رابطہ کیا اور متاثرہ کسانوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو بتایا کہ حالیہ سیلاب نے پنجاب کے زرعی شعبے کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور وفاق کو چاہیے کہ وہ صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کسانوں کی فوری امداد یقینی بنائے۔

انہوں نے درخواست کی کہ آفت زدہ علاقوں کے کسانوں کے بجلی کے بل معاف کیے جائیں، زرعی قرضوں کی ادائیگی میں نرمی کی جائے یا معافی دی جائے۔ علاوہ ازیں، بلاول نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کرنے کی بھی سفارش کی۔

اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اس تباہ کن سیلاب کا مقابلہ کرنا صرف صوبہ پنجاب کی حکومت کے بس کی بات نہیں، وفاقی حکومت کو بھی بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔ انہوں نے زرعی ایمرجنسی کے نفاذ اور بیج و کھاد پر سبسڈی فراہم کرنے پر زور دیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کی بنیاد ہے اور پنجاب کے کسانوں کو پہنچنے والا یہ نقصان بہت بڑا دھچکا ہے، جس کا فوری ازالہ ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تعریف کی اور کہا کہ سیلاب کے دوران ان کی محنت اور کاوشیں قابل تحسین ہیں، جنہوں نے مشکل حالات میں بہترین کارکردگی دکھائی۔

ٹیگز: