واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے حوالے سے اب تک کا سب سے بڑا اور چونکا دینے والا دعویٰ کر دیا ہے۔ ایک اہم گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران ایٹم بم بنانے کے بالکل قریب پہنچ چکا تھا اور امریکہ نے حملہ کر کے اس کے جوہری عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ ایران محض دو ہفتوں کے اندر ایٹم بم تیار کرنے والا تھا، لیکن امریکی حملوں نے اسے جوہری معاملے پر دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ ایرانی میزائلوں اور لانچرز کا صفایا کیا جا رہا ہے۔ ٹرمپ کے بقول، "ہم نے ایران کے دفاعی نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔
امریکی صدر نے انتہائی سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت کو تیزی سے ختم کیا جا رہا ہے اور جو بھی نیا لیڈر سامنے آئے گا، وہ مارا جائے گا۔ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایران میں گزشتہ 47 سال سے جاری مبینہ قتل عام اور دہشت گردی کا راستہ روک دیا ہے۔ہماری فوج دنیا کی بہترین فوج ہے جو میدانِ جنگ میں بے مثال بہادری دکھا رہی ہے۔ ایران کے معاملے میں ہم اس وقت تاریخ کی مضبوط ترین پوزیشن میں ہیں۔