Wed, September 16, 2026

افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے:علی امین گنڈاپور

افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے:علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کرم کے مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کر لیا گیا تھا لیکن حکومت کی تبدیلی کے بعد دہشت گردی کا دوبارہ بڑھنا ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ مسائل حل کرنے کے لیے وفاق کو ٹی او آرز ارسال کیے گئے تھے، مگر اب تک وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع کرم میں ہونے والے حملوں اور امن خراب کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی خیبرپختونخوا کے مقابلے میں ایک فیصد بھی بہتر نہیں ہے اور وفاقی حکومت کی کارکردگی محض بیانات اور اشتہارات تک محدود ہے۔

علی امین گنڈاپور نے پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے حوالے سے کہا کہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام عوام کی خواہشات پر رکھا گیا تھا اور اگر عمران خان کا حکم ہوا تو سٹیڈیم کا نام واپس لے لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے خیبرپختونخوا کی اپنی کرکٹ لیگ کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔

ٹیگز: