Wed, September 16, 2026

پاکستان کا غزہ پر جنگ بندی کی قرارداد مسترد ہونے پر شدید افسوس

پاکستان کا غزہ پر جنگ بندی کی قرارداد مسترد ہونے پر شدید افسوس

نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد امریکا کی جانب سے ویٹو کیے جانے پر پاکستان نے سخت ردِ عمل دیا ہے۔ پاکستان کے اقوامِ متحدہ میں مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ یہ فیصلہ دنیا کو ایک بہت ہی خطرناک پیغام دے رہا ہے۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ غزہ اس وقت دنیا کی سب سے بڑی انسانی تباہی کا شکار ہے، جہاں زندگی جہنم سے بدتر ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق اب تک 54 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اور حالات دن بہ دن مزید خراب ہو رہے ہیں۔

عاصم افتخار نے اسرائیل پر الزام عائد کیا کہ وہ عالمی قوانین کو مسلسل پامال کر رہا ہے اور فلسطینیوں کو ان کی اپنی سرزمین سے نکالنے کی کوششوں میں لگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سلامتی کونسل کی جانب سے جنگ بندی کی حمایت نہ کر پانا ایک تاریخی ناکامی کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان نے نہ صرف جنگ بندی کی قرارداد کی حمایت کی بلکہ یہ بھی کہا کہ فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ غزہ میں جنگ بندی اور امداد کی بلارکاوٹ فراہمی سے متعلق قرارداد الجزائر نے پیش کی تھی، جسے سلامتی کونسل کے 15 میں سے 14 ممالک نے حمایت دی، لیکن امریکہ کے ویٹو کی وجہ سے یہ قرارداد مسترد ہو گئی۔

ٹیگز: