اسلام آباد: وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردوں کی مذموم سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے انٹیلی جنس اداروں نے حالیہ دنوں میں بڑی کارروائیاں کی ہیں۔ ان کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
طلال چودھری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مذہب اور صوبائیت کے نام پر ملک میں انتشار اور تفریق پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم حکومت اور سکیورٹی فورسز ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔
وزیر مملکت داخلہ نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے ہر لمحہ فعال ہیں۔