Wed, September 16, 2026

صدر آصف علی زرداری کا تھائی لینڈ کے قومی دن پر پیغام، سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار

صدر آصف علی زرداری کا تھائی لینڈ کے قومی دن پر پیغام، سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے تھائی لینڈ کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں جنوبی تھائی لینڈ میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہونے والی مشکلات پر گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں تھائی عوام کے ساتھ ہے اور موسمیاتی تبدیلی جنوبی اور جنوب مشرقی ایشیا کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، جس کے اثرات دونوں ممالک پر نمایاں ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے متاثر ہو رہا ہے، اور اس کے حل کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔

صدر زرداری نے تھائی لینڈ کے قومی دن کی خوشی میں تھائی عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات ہمیشہ باہمی احترام اور دوستی پر مبنی رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک علاقائی مسائل پر ایک ہی مؤقف رکھتے ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے تھائی لینڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں۔ صدرِ مملکت نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات، تجارت اور عوامی رابطوں کو مزید بڑھانا ضروری ہے تاکہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔

آخر میں، آصف علی زرداری نے پاکستانی عوام کی طرف سے تھائی قوم کے لیے امن، خوشحالی اور ترقی کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان تھائی لینڈ کے ساتھ مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

ٹیگز: