راولپنڈی/اسلام آباد: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی اشتعال انگیز بیان بازی کو اس کی "سٹریٹجک بوکھلاہٹ" قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کی سرحدوں کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر اپنے دوٹوک پیغام میں وزیرِ دفاع نے کہا کہ بھارت اس وقت شدید اندرونی بحرانوں کا شکار ہے اور ان سے عالمی و عوامی توجہ ہٹانے کے لیے بیرونی محاذ پر تناؤ پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزی اس کے اپنے گھر کی کمزوریوں کو چھپانے کا ایک حربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی قیادت کے بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اسٹریٹجک طور پر سخت پریشان اور بے چین ہیں۔ وزیرِ دفاع نے بھارتی عسکری و سیاسی قیادت کو خبردار کیا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کی صورت میں خاموش نہیں رہے گا بلکہ ہمارا جواب فوری، متوازن اور اس قدر فیصلہ کن ہوگا کہ دشمن کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملے گا۔
یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کنٹرول لائن اور سرحدوں پر بھارت کی جانب سے غیر معمولی نقل و حرکت یا بیانات کی بازگشت سنی جا رہی ہے۔ خواجہ آصف نے اپنے پیغام کے ذریعے یہ باور کرایا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اور عوام دفاعِ وطن کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔