کراچی : سندھ میں کل سے شروع ہونے والے بارشوں کے طاقتور سلسلے کے پیشِ نظر صوبائی حکومت نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے تمام انتظامی اداروں کو 'ریڈ الرٹ' پر رہنے کا حکم دیتے ہوئے نکاسیِ آب کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
شرجیل میمن نے بلدیاتی اداروں اور PDMA کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر کے نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ پمپس کی تنصیب کل تک مکمل کر لی جائے۔ انہوں نے وارننگ دی کہ نکاسیِ آب کے کام میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
وزیرِ اطلاعات و ٹرانسپورٹ نے میڈیا کو بتایا کہ تمام ضلعی انتظامیہ کو چوبیس گھنٹے فعال رہنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ برساتی نالوں کی صفائی اور چوکنگ پوائنٹس کو فوری کلیئر کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردِعمل کے لیے کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں۔
حکومتِ سندھ نے بارش کے دوران شہریوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ شہری بجلی کے انفراسٹرکچر سے دور رہیں اور بلا ضرورت سفر سے گریز کریں تاکہ سڑکوں پر مشینری کو کام کرنے میں دشواری نہ ہو۔