Wed, September 16, 2026

ہمیں اپنی قوم کے اصل ہیروز کی پہچان کرنی ہو گی، چئیرمین ایپ سیپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن

 ہمیں اپنی قوم کے اصل ہیروز کی پہچان کرنی ہو گی، چئیرمین ایپ سیپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن

فیصل آباد : دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سیپ) کے زیرِ اہتمام ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیم، کردار سازی اور نوجوانوں کی تربیت جیسے اہم موضوعات پر ماہرین تعلیم نے اظہارِ خیال کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان کے عظیم تعلیمی رہنما میاں عامر محمود کے نام منسوب ہے، جنہوں نے ملک کو چار سو سے زائد تعلیمی ادارے اور تین بڑی جامعات دے کر قومی خدمت کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قوم کے اصل ہیروز کی پہچان کرنی ہو گی۔"ہمارے ہیرو سلمان خان یا عامر خان نہیں، بلکہ میاں عامر محمود جیسے افراد ہیں جنہوں نے قوم کو علم، ادارے اور ایک وژن دیا۔"
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمن نے کہا کہ ایپ سیپ کی تحقیق کے مطابق پاکستان کے نوجوانوں میں سب سے بڑی کمی مہارتوں (Skills) کی نہیں بلکہ کردار، ذمہ داری، وقت کی پابندی اور خود پر قابو پانے جیسے بنیادی انسانی اوصاف کی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ نوجوانوں کو دیانت داری، امانت، سچائی اور دوسروں کے احترام کا سبق دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔"ہمیں معاشرے میں تبدیلی کے لیے دوسروں کو الزام دینے کے بجائے خود کو بدلنے پر توجہ دینی ہو گی۔ اگر ہمارا کردار بہتر ہو گا تو لوگ ہم سے خود متاثر ہوں گے۔"
انہوں نے کہا کہ ہم اس نبی ﷺ کی امت ہیں جنہوں نے اخلاق، تعلیم اور سماجی فلاح کا عظیم انقلاب برپا کیا۔ایپ سیپ کے مشن پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ادارے کا مقصد نوجوانوں میں اللہ پر یقین، احساسِ ذمہ داری، اور خود اعتمادی پیدا کرنا ہے تاکہ وہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے سیرتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیا تو نہ صرف انفرادی بلکہ قومی سطح پر بھی ترقی یقینی ہے۔

ٹیگز: