Wed, September 16, 2026

ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کی کوشش کرنی ہے، چئیرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

ہمیں پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کی کوشش کرنی ہے، چئیرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان

سیالکوٹ : یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز آف پاکستان (ایپ سپ) کی ملک گیر آگاہی مہم کے سلسے میں منعقدہ   خصوصی سیشن "2030 کا پاکستان، چیلنجز، امکانات اور نئی راہیں"  سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے  نوجوانوں کو مخاطب کیا اور کہا کہ پاکستان کی 80 سالہ تاریخ میں ہم وہ ترقی حاصل نہیں کر سکے جو ہمیں کرنی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ "پاکستان 80 سال کا ہو چکا ہے اور اگلے 20 سال میں یہ 100 سال کا بھی ہو جائے گا، لیکن ہم نے شاید اتنے عرصے میں پاکستان کو اس جگہ نہیں پہنچایا جہاں اسے ہونا چاہیے تھا۔"

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستانی معاشرہ نبی پاک ﷺ کی تعلیمات کو پوری طرح نہیں اپنا سکا۔ "پاکستان میں 95 فیصد مسلمان ہیں، لیکن ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ وہ کیسا مسلمان بننا چاہتے ہیں؟" انہوں نے مزید کہا کہ نبی ﷺ کی شخصیت ہمارے لیے بہترین رول ماڈل ہے اور اگر ہم اپنی زندگیوں میں ان کے اصولوں کو اپنائیں تو ہم بہتر انسان بن سکتے ہیں۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ "آج تک جو لیڈر آئے ہیں، انہوں نے ہمیشہ دوسروں کو بدلنے کی کوشش کی، مگر خود کو نہیں بدلا۔" ان کے مطابق، سوسائٹی میں تبدیلی لانے کے لیے سب سے پہلے خود کو بہتر بنانا ضروری ہے۔

سیالکوٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ "سیالکوٹ کے وسائل یہاں خرچ ہونے چاہیے، اور ہمیں اپنے شہر کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔" انہوں نے میاں عامر محمود کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "میاں عامر محمود نوجوانوں کے لیے بہترین لیڈر ہیں اور وہ خود نوجوانوں کے پاس جا کر انہیں تبدیلی کی جانب راغب کر رہے ہیں۔"

انہوں نے موجودہ معاشی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ "پاکستان کو گزشتہ چند سالوں میں اقتصادی بحران کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے غربت اور بیروزگاری میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔" ان کے مطابق، اس وقت ملک میں غیر یقینی صورتحال ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے نوجوانوں کے حوالے سے کہا کہ "آج کا نوجوان محنت کی بجائے راتوں رات امیر بننے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اس کے لیے سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ ایک رول ماڈل کو اپنائے اور اس کی تقلید کرے۔" انہوں نے مزید کہا کہ "ہمیں نوجوانوں کو صرف ڈاکٹر یا پائلٹ ہی نہیں بنانا چاہیے، بلکہ ہمیں انہیں انسانیت کی تعلیم دینی چاہیے تاکہ وہ اپنے معاشرتی کردار کو بہتر طور پر ادا کر سکیں۔"

آخر میں پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان ے نوجوانوں کو یہ پیغام دیا کہ "اگر آپ اپنا کردار مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو ایک اچھا رول ماڈل اپنانا ہوگا اور اس کی روشنی میں اپنی زندگی گزارنی ہوگی۔"

ٹیگز: