Wed, September 16, 2026

ہمارا ملک تب تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ہر بندہ محنت نہیں کرے گا، چئیرمین ایپ سیپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن

ہمارا ملک تب تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ہر بندہ محنت نہیں کرے گا، چئیرمین ایپ سیپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن

لاہور: چیئرمین ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز پاکستان (APSUP) پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن نے کہا ہے کہ قومیں اس وقت ترقی کرتی ہیں جب وہ اپنے ہیروز کی قدر کرتی ہیں۔

یہ بات انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے آئی بی اے ڈیپارٹمنٹ میں منعقدہ تعلیمی سیمینار سے خطاب کے دوران کہی، جس میں اساتذہ، طلبہ، اسکالرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن نے کہا کہ "وہ قومیں کبھی ترقی نہیں کرتیں جو اپنے ہیروز کی عزت نہیں کرتیں۔" اپنے خطاب میں انہوں نے معاشرتی بگاڑ اور بگڑتے ہوئے رویوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ "ہم ایسے معاشرے میں رہتے ہیں جہاں طلبہ، اساتذہ اور علما بھی بگاڑ کا حصہ بن چکے ہیں۔" انہوں نے نوجوانوں کے کردار اور رویے کی بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے نوجوانوں میں ٹیم ورک کا فقدان ہے اور 14 اگست کو بائیک کے سلنسر نکال کر جشن منانا قوم کے سنجیدہ مسائل سے لا علمی کی نشانی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بڑی جامعات جیسے ہارورڈ یونیورسٹی بھی کردار سازی پر توجہ دے رہی ہیں اور پاکستان کو بھی اسی راستے پر چلنا ہوگا۔

خطاب کے آخر میں انہوں نے کہا کہ "ہمارا ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ہر فرد خلوص نیت اور محنت سے کام نہ کرے۔ کامیابی کا انحصار صرف کردار، محنت اور خلوص پر ہے۔"

ٹیگز: