Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کا ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو پیغام

وزیراعظم شہباز شریف کا ہولی کے موقع پر ہندو برادری کو پیغام

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہولی کے تہوار کے موقع پر ہندو برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ تہوار خوشی اور رنگوں کی پہچان ہے، جو معاشرتی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ ہولی کی روایات پاکستان کی ثقافتی تنوع کی عکاسی کرتی ہیں اور یہ تہوار محبت، رواداری اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔

وزیراعظم نے پاکستانی ہندو کمیونٹی کو نیک تمناؤں کے ساتھ دلی مبارکباد دی اور کہا کہ وہ ہمارے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہندو کمیونٹی پاکستان میں سماجی ہم آہنگی، معاشی ترقی، خوشحالی اور پُرامن بقائے باہمی میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا تفریق رنگ و نسل اور مذہب و عقیدہ مذہبی آزادی اور حقوق کی ضمانت دیتا ہے، اور حکومت تمام اقلیتوں کے آئینی حقوق کی محافظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین المذاہب مکالمہ، عبادت گاہوں کا تحفظ اور باہمی احترام کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنا ضروری ہیں۔اختتام پر وزیراعظم نے کہا، "آئیے ہم سب مل کر رواداری، ہمدردی اور یکجہتی کے جذبے سے ایک پُرامن، شمولیتی اور خوشحال مستقبل کی طرف قدم بڑھائیں۔"

ٹیگز: