اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے عوامی شکایات پر فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی اور غیر مجاز ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) کی فعال کرنے کے معاملے پر ایک نئی ہدایت جاری کی ہے۔
پی ٹی اے کے ترجمان نے بتایا کہ متعدد صارفین نے شکایت کی تھی کہ ان کے موبائل نمبروں پر بغیر اجازت ویلیو ایڈڈ سروسز چلائی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے پی ٹی اے نے واضح کیا کہ کسی بھی صارف کی اجازت کے بغیر ویلیو ایڈڈ سروسز کو ایکٹیویٹ کرنا غیر قانونی ہے۔
ایڈوائزری میں پی ٹی اے نے کہا ہے کہ وی اے ایس کی ایکٹیویشن کے لیے صارف کا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) حاصل کرنا ضروری ہوگا، اور صرف OTP کے ذریعے ہی سروسز کو فعال کیا جا سکے گا۔ غیر مجاز سروسز کو قطعی طور پر مسترد کیا گیا ہے۔
موبائل صارفین کو یہ ہدایت بھی کی گئی کہ وہ مشکوک ویب لنکس اور اضافی سروسز سے بچ کر رہیں۔ اگر صارفین کو غیر متعلقہ چارجز کا سامنا ہو، تو انہیں فوراً اپنے موبائل آپریٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔
پی ٹی اے نے اس بات کا بھی یقین دلایا کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، صارفین پی ٹی اے کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔