اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں بغیر ویزا مقیم غیر ملکیوں کے خلاف 30 اپریل کے بعد سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کی مہلت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو افراد غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو ملازمت، رہائش یا تجارتی سہولت فراہم کر رہے ہیں، ان کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ افغان حکومت سے تعاون اور بات چیت جاری ہے، اور اسی مقصد کے لیے نائب وزیراعظم کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد جلد کابل روانہ ہو گا تاکہ غیر قانونی افغان شہریوں کی باعزت واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
حکام کے مطابق، یکم اپریل سے اب تک 40 ہزار سے زائد افغان باشندوں کو پاکستان سے واپس بھیجا جا چکا ہے، اور اس عمل میں مزید تیزی لانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔