Wed, September 16, 2026

انتخابی نشان 'تیر' مظلوم کی آواز اور جمہوریت کی پہچان ہے، ہم نفرت کی سیاست کو دفن کر دیں گے:آصفہ بھٹو زرداری

 انتخابی نشان 'تیر' مظلوم کی آواز اور جمہوریت کی پہچان ہے، ہم نفرت کی سیاست کو دفن کر دیں گے:آصفہ بھٹو زرداری

نگر: خاتونِ اول اور پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا ناطہ عوام سے قائم ہے اور ہم گلگت بلتستان کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

نگر میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے پارٹی کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے سامنے جھکنے کے بجائے بہادری سے ہر مشکل کا سامنا کیا اور جمہوریت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا، لیکن انہوں نے آخری سانس تک عوام کا ساتھ نہیں چھوڑا تھا۔ آج پیپلز پارٹی اسی فلسفے پر کاربند ہے۔

نوجوانوں کے لیے پارٹی کا وژن پیش کرتے ہوئے خاتونِ اول نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی سیاست کا محور عوام ہیں اور ان کا سب سے بڑا ہدف گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنا ہے، جس کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جا چکی ہے۔

انہوں نے مخالفین کو کرارا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی نفرت اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہمارا منشور صرف ترقی اور عوامی خوشحالی ہے۔ آصفہ بھٹو زرداری نے شرکاء کو متحرک کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی نشان 'تیر' دراصل مظلوموں کی طاقت اور سچی جمہوریت کا نشان ہے، عوام تیر پر مہر لگا کر اپنے روشن مستقبل کا فیصلہ کریں۔

ٹیگز: