Wed, September 16, 2026

وزیراعظم نے گوادر کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیدی

وزیراعظم نے گوادر کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کا کام تیز کرنے کی ہدایت دیدی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر کو پاکستان ریلوے کے نظام سے جلد جوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کسی بھی ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی جیسا ہے، اور پاکستان میں اس نظام کو جدید اور مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان ریلوے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کے دوران کہی، جس میں وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے انہیں ریلوے میں جاری اصلاحات اور منصوبوں پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک کے بڑے ریلوے اسٹیشنز کو جدید بنایا جا رہا ہے، صفائی کا نظام آؤٹ سورس کیا جا چکا ہے، اور کئی سالوں سے بند ٹرین سروسز کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے، جیسے بولان میل اور خوشحال خان خٹک ایکسپریس۔

ریلوے کے اسکول، اسپتال، فیکٹریاں اور دیگر ادارے بھی پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ مل کر چلانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے تاکہ آمدن میں اضافہ ہو۔ رائل پام گالف کلب کو نیلام کرنے کی بھی تیاری ہو رہی ہے۔

ریلوے کو جدید بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام تیزی سے اپنایا جا رہا ہے، نئی موبائل ایپ تیار ہو رہی ہے، اور 155 اسٹیشنز کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، جس سے بجلی کے بلوں میں بڑی بچت ہوگی۔

وزیراعظم نے وسطی ایشیا سے تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے ریلوے نیٹ ورک کی وسعت پر بھی کام کرنے کی ہدایت دی اور ریلوے حکام کی کارکردگی کو سراہا۔

ٹیگز: