Wed, September 16, 2026

دانش سکولز کا نیٹ ورک اب ملک بھر میں پھیلے گا، لیپ ٹاپ بچوں کی قابلیت کا اعتراف ہے: وزیراعظم شہباز شریف

دانش سکولز کا نیٹ ورک اب ملک بھر میں پھیلے گا، لیپ ٹاپ بچوں کی قابلیت کا اعتراف ہے: وزیراعظم شہباز شریف

گلگت :وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں تعلیمی انقلاب اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑے منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پنجاب میں غریب اور یتیم بچوں کے لیے بنائے گئے دانش سکولوں کے کامیاب ماڈل کو اب وفاقی حکومت کے تحت پورے ملک میں وسعت دی جا رہی ہے۔
گلگت میں منعقدہ تقریب کے دوران وزیراعظم نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "لیپ ٹاپ کی فراہمی طلبہ پر کوئی احسان نہیں بلکہ ان کی محنت اور ذہانت کا صلہ ہے"۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام لیپ ٹاپ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کیے گئے ہیں تاکہ ہونہار نوجوان ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا کا مقابلہ کر سکیں۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران متعدد اہم منصوبوں کا افتتاح کیا۔  گلگت بلتستان میں 4 نئے دانش سکولوں کا سنگِ بنیاد رکھا گیا، جو علاقے کے پسماندہ بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے سیف سٹی پراجیکٹ اور سولر پاور اسکیم کا بھی افتتاح کیا، جس کا مقصد علاقے میں امن و امان کو یقینی بنانا اور بجلی کے بحران کو کم کرنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں جدید وسائل فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کو معیار کے مطابق مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔

ٹیگز: