Wed, September 16, 2026

شہری آبادی کا بڑھتا ہوا بوجھ 

شہری آبادی کا بڑھتا ہوا بوجھ 


پاکستان کے بڑے شہر تیزی سے پھیل رہے ہیں مگر یہ پھیلاو¿ منصوبہ بندی سے زیادہ مجبوری کا نتیجہ ہے۔ دیہاتوں سے شہروں کی طرف ہجرت کوئی نیا عمل نہیں مگر جس رفتار، بے سمتی اور بے بسی کے ساتھ یہ ہو رہی ہے وہ خود ایک سماجی بحران بن چکی ہے۔ روزگار، تعلیم، علاج اور تحفظ کی تلاش میں نکلنے والا انسان جب شہر پہنچتا ہے تو اس کا سامنا ایک ایسے نظام سے ہوتا ہے جو پہلے ہی اپنی گنجائش سے کہیں زیادہ بوجھ اٹھا رہا ہوتا ہے۔ یہی وہ لمحہ ہے جہاں شہری ترقی کا خواب، غیر منظم بستیوں اور بنیادی سہولیات کی کمی میں بدلنے لگتا ہے۔شہروں کی آبادی بڑھنے کا سب سے بڑا نتیجہ کچی آبادیوں کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ یہ بستیاں نہ تو کسی ماسٹر پلان کا حصہ ہوتی ہیں، نہ ہی انہیں کبھی شہری ترقی کے قابل سمجھا جاتا ہے۔
یہ کہنا آسان ہے کہ غیر منظم بستیاں خود مسئلہ ہیں مگر اصل سوال یہ ہے کہ یہ وجود میں کیوں آتی ہیں۔ جب ریاست دیہی علاقوں میں تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام رہتی ہے تو لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ شہر ان کے لیے امید کی آخری علامت بن جاتا ہے مگر شہر انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے تیار نہیں ہوتا۔ نتیجتاً یہ لوگ شہر کے کناروں، نالوں کے ساتھ، ریلوے لائنوں کے پاس، یا سرکاری زمینوں پر عارضی پناہ گاہیں بنا لیتے ہیں، جو وقت کے ساتھ مستقل بستیوں میں بدل جاتی ہیں۔شہری آبادی میں اضافے کا دباو¿ سب سے پہلے سماجی خدمات پر پڑتا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کا بوجھ ناقابلِ برداشت حد تک بڑھ چکا ہے۔ ایک بستر پر دو دو مریض، طویل قطاریں، دواوں کی قلت اور عملے کی کمی اب معمول بن چکی ہے۔ تعلیم کا شعبہ بھی اسی بحران سے دوچار ہے۔ سرکاری سکولوں میں کلاس روم کم اور بچے زیادہ ہیں، اساتذہ کی تعداد ناکافی ہے، مخدوش عمارات اور معیارِ تعلیم مسلسل زوال کا شکار ہے۔ نجی تعلیمی ادارے اس خلا کو پر تو کرتے ہیں مگر ان تک رسائی صرف متوسط اور بالائی طبقے تک محدود ہے۔
صفائی، کچرے کی نکاسی اور ماحولیاتی تحفظ بھی بڑھتی شہری آبادی کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ کچرا اٹھانے کا نظام موجود ہے لیکن کہیں کہیں وہ پورے شہر کو کور کرنے میں ناکام نظر آتا ہے، آبادی کئی گنا بڑھ چکی ہے، مگر وسائل وہی ہیں۔ نتیجہ یہ ہے کہ ان کچی آبادیوں کی گلیوں میں کچرے کے ڈھیر، نالوں کی بندش اور بارشوں کے دوران شہری سیلاب معمول بنتا جا رہا ہے۔ 
غیر منظم بستیوں کا ایک اور سنگین پہلو سماجی عدم تحفظ ہے۔ جب ریاست کی موجودگی کمزور ہوتی ہے تو غیر رسمی طاقتیں جگہ لے لیتی ہیں۔ جرائم، منشیات، بچوں کی مشقت، اور گھریلو تشدد جیسے مسائل انہی علاقوں میں زیادہ شدت سے جنم لیتے ہیں۔ یہ بستیاں صرف غربت کی علامت نہیں بلکہ ایک ایسی نسل کی پرورش گاہ بھی بن جاتی ہیں جو محرومی، عدم تحفظ اور ناانصافی کے ماحول میں جوان ہوتی ہے۔مسئلہ یہ بھی ہے کہ شہری منصوبہ بندی کا عمل عموماً اشرافیہ کے گرد گھومتا ہے۔ ہاوسنگ سوسائٹیاں، کمرشل زونز، فلائی اوورز اور میگا پراجیکٹس ترقی کی علامت بن کر پیش کیے جاتے ہیں مگر وہ لاکھوں لوگ جو شہر کو چلانے کا اصل ایندھن ہیں، ان منصوبوں میں کہیں نظر نہیں آتے۔ ان کے لیے نہ سستی رہائش کا بندوبست ہوتا ہے، نہ ہی ٹرانسپورٹ، تعلیم یا صحت کے مربوط حل۔اس پورے منظرنامے کا ایک کم زیرِ بحث مگر نہایت اہم پہلو شہری آبادی پر نفسیاتی اور سماجی دباو¿ بھی ہے۔ جب ایک شہر اپنی گنجائش سے زیادہ آبادی کو سنبھالنے پر مجبور ہو جاتا ہے تو اس کے اثرات صرف سڑکوں، ہسپتالوں یا سکولوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ لوگوں کے رویوں اور معاشرتی تعلقات پر بھی نمایاں ہونے لگتے ہیں۔ 
طویل سفری اوقات، بڑھتی مہنگائی، محدود رہائشی جگہ، پارکس اور کھیل کے میدانوں کی کمی، شور، آلودگی اور مسلسل ذہنی دباو¿ شہری زندگی کو غیر متوازن بنا دیتے ہیں۔ ایسے ماحول میں برداشت، رواداری اور باہمی تعاون جیسی سماجی اقدار بھی متاثر ہوتی ہیں۔ بچے صحت مند تفریح سے محروم رہتے ہیں، نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کے مواقع کم ہوتے جاتے ہیں اور بزرگ شہری خود کو تنہائی کا شکار محسوس کرتے ہیں۔ یہی وہ عوامل ہیں جو بالآخر معاشرتی بے چینی، احساسِ محرومی اور جرائم کے بڑھتے ہوئے رجحانات کو بھی تقویت دیتے ہیں۔ اس لیے شہری منصوبہ بندی کو صرف سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ ایسے شہر تشکیل دینے چاہییں جہاں انسان کو صاف ماحول، محفوظ رہائش، معیاری تعلیم، صحت، تفریح اور باوقار روزگار کی یکساں سہولتیں میسر ہوں۔ یہی وہ سوچ ہے جو کسی بھی شہر کو صرف آبادی کا مرکز نہیں بلکہ ایک متوازن، پائیدار اور انسان دوست معاشرہ بنا سکتی ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ شہری آبادی میں اضافے کو ایک مستقل حقیقت تسلیم کیا جائے اور اسی بنیاد پر پالیسیاں تشکیل دی جائیں۔ سستی اور باوقار رہائش، پبلک ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری، بنیادی صحت اور تعلیم کی مقامی سطح پر فراہمی، اور دیہی علاقوں میں ترقی یہ سب ایک مربوط حکمتِ عملی کا حصہ ہونے چاہییں۔ محض وقتی اقدامات یا نمائشی منصوبے اس بحران کو مزید گہرا ہی کریں گے۔

ٹیگز: