Wed, September 16, 2026

محبت کا انوکھا اظہار، 1,400 فٹ بلندی پر پروپوزل

محبت کا انوکھا اظہار، 1,400 فٹ بلندی پر پروپوزل

نیویارک: محبت کے اظہار کے لیے ایک شخص نے ایسا حیران کن اور خطرناک اقدام کیا جس نے دیکھنے والوں کو دنگ کر دیا۔ نقاب پوش نوجوان نے اپنی ساتھی کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ کے تقریباً 1,400 فٹ بلند مینار پر بغیر کسی حفاظتی انتظام یا رسی کے چڑھائی کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ یکم جولائی کو پیش آیا، جب دونوں ماہر کوہ پیما خفیہ طور پر عمارت کی بلندی تک پہنچے۔ چوٹی کے قریب پہنچ کر نوجوان ایک گھٹنے کے بل بیٹھ گیا، اپنی ساتھی کو انگوٹھی پہنائی اور زندگی بھر کا ساتھ دینے کی درخواست کی، جسے خاتون نے فوراً قبول کر لیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ جوڑا دنیا کی بلند و بالا عمارتوں پر غیر مجاز طور پر چڑھنے کی مہمات کی وجہ سے پہلے ہی شہرت رکھتا ہے، تاہم اس بار انہوں نے اپنی منگنی کو بھی ایک غیر معمولی اور سنسنی خیز انداز میں یادگار بنا دیا۔

تاہم یہ رومانوی لمحہ زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا، کیونکہ زمین پر واپس آتے ہی نیو یارک پولیس نے دونوں کو غیر قانونی طور پر عمارت پر چڑھنے کے الزام میں تحویل میں لے لیا۔

اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بھی خوب توجہ حاصل کی، جہاں بعض صارفین نے اسے محبت کی لازوال مثال قرار دیا، جبکہ کئی افراد نے اس عمل کو اپنی جان خطرے میں ڈالنے والا اور قانون شکنی پر مبنی اقدام قرار دیا۔

ٹیگز: