اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلیشیئر لیک آؤٹ برسٹ فلڈ - GLOF) کے خطرے کے پیش نظر سیلابی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق، بڑھتا ہوا درجہ حرارت برف کے پگھلنے کی رفتار کو بڑھا رہا ہے جس سے جھیلوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ان کے پھٹنے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہے۔
اتھارٹی نے متعلقہ اداروں خصوصاً پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، اور ایمبولینس سروسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ حساس علاقوں کی نگرانی، فوری وارننگ سسٹم، اور انخلا کی مشقوں کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام، خاص طور پر سیاحوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں، گلیشیئرز اور تیز بہاؤ والی آبی گزرگاہوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ ٹریکنگ یا کیمپنگ کے خواہشمند افراد کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے ایمرجنسی مشینری، آلات اور سڑکوں کی بحالی کے لیے پیشگی اقدامات کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورت حال میں بروقت ردعمل دیا جا سکے۔