نیویارک :نیویارک کی میئرشپ کی دوڑ میں شامل ڈیموکریٹ رہنما ظہران ممدانی نے ایک نیا محاذ کھول دیا ہے، ان کا دعویٰ ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں گرفتاری، شہریت منسوخ کرنے اور ملک بدر کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ظہران ممدانی، جو افریقی نژاد مسلم امریکن ہیں، طویل عرصے سے محنت کش طبقے، مہنگائی کے شکار شہریوں اور اقلیتی برادریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ٹرمپ انہیں نشانہ بنا کر نہ صرف اپنی معاشی اور سیاسی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، بلکہ نسلی امتیاز اور سیاسی انتقام کی ایک خطرناک مثال بھی قائم کر رہے ہیں۔
“یہ صرف میری ذات پر حملہ نہیں ، یہ ہر اس شخص پر حملہ ہے جو سچ بولنے کی ہمت کرتا ہے۔
دوسری جانب، ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حالیہ بیان میں خبردار کیا کہ اگر ممدانی نے امیگریشن ایجنسی (ICE) کے افسران کے فرائض میں مداخلت کی تو انہیں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ممدانی کے حامیوں کو بھی “پاگل” قرار دے کر ایک نیا تنازع چھیڑ دیا۔
یہ کشمکش صرف انتخابی سیاست نہیں، بلکہ اس بات کا بھی امتحان بن چکی ہے کہ امریکہ میں اظہارِ رائے، نسلی برابری اور شہری آزادیوں کا مستقبل کیا ہوگا۔
ظہران ممدانی کا پیغام واضح ہے میں ڈرنے والا نہیں۔ میرے ساتھ لاکھوں نیویارک کے شہری ہیں جنہیں روزمرہ زندگی کے مسائل درپیش ہیں۔ میں ان کی آواز بنتا رہوں گا، چاہے دباؤ کتنا ہی شدید ہو۔