لاہور : ملک بھر میں آج 8 محرم الحرام کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں عزادار ماتم، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے ہوئے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
لاہور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ دربارِ حسین (موری گیٹ) سے برآمد ہو چکا ہے جو کوچہ چراغاں، بخاری چوک، لوہاری گیٹ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ بیت الرضا (انار کلی) تک جائے گا۔ جلوس سے قبل مجلس عزا کا انعقاد ہوا، جس کے بعد شبیہ ذوالجناح برآمد کی گئی۔ راستے بند، گلیاں سیل اور سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔ عزاداروں کے لیے پانی، شربت اور دودھ کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔
پشاور
پشاور میں آج 18 ماتمی جلوس نکلیں گے، جن میں پہلا سہ پہر 3 بجے اور دوسرا 4 بجے صدر کے حسینیہ ہال سے روانہ ہوگا۔ رات 8 بجے شبیہ جھولا کا جلوس برآمد ہوگا۔ پولیس اور دیگر ادارے ڈرون کیمروں سے نگرانی کر رہے ہیں۔ ہر جلوس کے ساتھ بم ڈسپوزل اسکواڈ، واک تھرو گیٹس اور سخت چیکنگ کا عمل جاری ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں 8 محرم کا مرکزی جلوس جامعہ المرتضیٰ (جی نائن فور) سے برآمد ہو کر جامعہ الصادق (جی نائن ٹو) پر ختم ہوگا۔ جلوس کے دوران جی نائن اور جی ٹین کے کئی راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں، پولیس، رینجرز اور رضاکاروں کی مدد سے مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔
کراچی
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ہے۔ یہ جلوس بارہ امام امام بارگاہ پر قیام کے بعد حسینیہ ایرانیاں تک جائے گا۔ شہر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ بلند عمارتوں پر نشانہ باز تعینات ہیں جبکہ کنٹرول روم سے جلوس کی مکمل نگرانی ہو رہی ہے۔
انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلوسوں کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں، متبادل راستے استعمال کریں اور سیکیورٹی اداروں سے بھرپور تعاون کریں۔