کیلیفورنیا : گوگل نے اپنے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں ایک نیا اپ ڈیٹ جاری کیا ہے جس کے ذریعے کمپنیوں کے مالکان اپنے ملازمین کے RCS (رچ کمیونیکیشن سروسز) پیغامات کی نگرانی کر سکیں گے۔ RCS، جو کہ اینڈرائیڈ کا جدید میسجنگ سسٹم ہے، روایتی ایس ایم ایس سے آگے بڑھ کر تصاویر اور ویڈیوز کی آسان ترسیل کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس نئے فیچر کا مقصد کمپنیوں کو اپنے ادارے میں ہونے والی کمیونیکیشن پر نظر رکھنے کی اجازت دینا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ اس اپ ڈیٹ کا مقصد مالکان کو مسلسل اور درست ریکارڈ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنے ملازمین کی بات چیت پر بہتر نظر رکھ سکیں۔
کمپنیاں اس فیچر کو مختلف وجوہات کے لیے استعمال کر سکیں گی، جیسے کہ اندرونی تحقیقات، ایچ آر مسائل یا حساس معلومات کی سکیورٹی کو یقینی بنانا۔ اس سے کاروباری کمیونیکیشن کی مکمل مانیٹرنگ ممکن ہو جائے گی، جو اداروں کو مزید شفاف اور محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
تاہم، اس اپ ڈیٹ پر پرائیویسی کے حوالے سے سوالات بھی اٹھ رہے ہیں، کیونکہ ملازمین کی ذاتی پیغامات کی نگرانی سے ان کی نجی زندگی میں مداخلت کا خدشہ ہو سکتا ہے۔