Wed, September 16, 2026

ایران کا پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور، کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے استفادہ کرنے کی خواہش

ایران کا پاکستان کے ساتھ تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے پر زور، کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے استفادہ کرنے کی خواہش

اسلام آباد: ایران نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے کراچی اور گوادر بندرگاہوں کو استعمال کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس حوالے سے ایرانی وزیر صنعت، کان کنی و تجارت محمد اتابک نے اسلام آباد میں پاکستان ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے دسویں اجلاس کے دوران اظہار خیال کیا۔ اجلاس کی مشترکہ سربراہی وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایرانی وزیر محمد اتابک نے کی۔

محمد اتابک نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات خصوصاً معاشی شعبے میں تعاون کے فروغ کو اہم ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافے اور باہمی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ایرانی وزیر نے پاکستان اور ایران کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے سے متعلق جاری مذاکرات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بات چیت مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ عمل مستقبل قریب میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو جائے گا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ مشترکہ سرحدی مارکیٹوں کو فعال کرنا مقامی آبادی کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنے اور ان کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان اعتماد موجود ہے اور کاروباری حلقے ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے لیے تیار ہیں، تاہم اس مقصد کے لیے ایک واضح، مؤثر اور سہولت پر مبنی نظام تشکیل دینا ضروری ہے۔

جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی سطح تک لے جانے کے لیے جامع حکمت عملی اور قابل عمل منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط تجارتی روابط دونوں ممالک کے باہمی مفادات کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
 

ٹیگز: