اسلام آباد: ملک بھر میں آج یومِ شہدائے پولیس بھرپور عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جا رہی ہیں، پولیس کے چاق و چوبند دستے سلامی پیش کر رہے ہیں، جبکہ شہدا کے اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغامات میں شہدائے پولیس کی جرات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی، انتہاپسندی اور جرائم کے خلاف جنگ میں پولیس کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔