Wed, September 16, 2026

یومِ شہدائے کشمیر پر صدر، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا کشمیریوں کو خراجِ عقیدت اور بھرپور یکجہتی کا اظہار

یومِ شہدائے کشمیر پر صدر، وزیراعظم اور وزیرداخلہ کا کشمیریوں کو خراجِ عقیدت اور بھرپور یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد: 13 جولائی یومِ شہدائے کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی جدوجہدِ آزادی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ہے۔

صدرِ مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی ہمت، قربانی اور مسلسل جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے جہاں نہ صرف انسانی حقوق پامال ہو رہے ہیں بلکہ کشمیریوں کی شناخت اور وجود مٹانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔

انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں جاری مظالم کا فوری نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ صدر نے یقین دلایا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک انہیں حقِ خودارادیت نہیں مل جاتا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیری عوام آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ دیتے آ رہے ہیں، اور ان کی یہ جدوجہد آج بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، کشمیری عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑا ہے اور ان کی جدوجہد کو ہر سطح پر سپورٹ کرتا رہے گا۔

وزیراعظم نے ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتِ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی حامی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں 13 جولائی 1931ء کے 22 شہداء کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اذان کے احترام میں اپنی جانیں قربان کرنے والے یہ نوجوان کشمیری تاریخ کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھارت وہی ظلم کر رہا ہے جو ماضی میں ڈوگرہ راج کرتا تھا۔

محسن نقوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا قتل، جبری گمشدگیاں، صحافیوں کی آواز دبانا اور لوگوں کو عقائد، رائے اور شناخت سے محروم کرنا ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مسترد کرکے امن کا دروازہ خود بند کیا۔ یومِ شہدائے کشمیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حقِ آزادی کا علمبردار ہے۔

ٹیگز: