اسلام آباد : پاکستان نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے پر سخت ردعمل دیا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزراء، حکام اور ہزاروں آبادکاروں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی ایک اشتعال انگیز اور خطرناک قدم ہے، جو خطے میں امن و استحکام کو برباد کرنے کی دانستہ کوشش ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکام کی موجودگی میں "ٹیمپل ماؤنٹ ہمارا ہے" جیسے نعرے لگا کر صرف مذہبی جذبات کو مجروح نہیں کیا گیا بلکہ اس مقدس مقام کی حیثیت کو بدلنے کی سازش بھی کی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق، اسرائیل کے ایسے اقدامات نہ صرف انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، بلکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کی بھی کھلم کھلا نفی کرتے ہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ ان حرکتوں پر خاموش تماشائی نہ بنے، بلکہ اسرائیل کو ان اقدامات پر جوابدہ بنائے۔ دنیا کو چاہیے کہ وہ مسجد اقصیٰ کے تقدس اور فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے فوری عملی قدم اٹھائے۔
وزارت خارجہ نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان فلسطین کے حق میں ہمیشہ کھڑا ہے، اور مسئلہ فلسطین کا واحد پائیدار حل یہی ہے کہ ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست قائم ہو، جس کی سرحدیں 1967 سے پہلے کی ہوں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔